اسلام آباد میں سپارکو نے اطلاع دی ہے کہ سال 2025 کے تین سپر مونز میں سے پہلا 7 اکتوبر کی رات آسمان پر نظر آئے گا۔ یہ سپر مون رات 8:47 بجے طلوع ہوگا اور سورج غروب ہونے کے بعد مشرق سے نمودار ہو کر طلوعِ آفتاب سے قبل مغرب میں غروب ہوجائے گا۔
سپارکو کے مطابق اس سپر مون کی زمین سے فاصلہ 224,599 میل ہوگا، جو عام مکمل چاند کے مقابلے میں 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔ سال کا سب سے روشن سپر مون نومبر میں متوقع ہے، جب چاند زمین سے صرف 221,817 میل دور ہوگا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں یہ قدرتی مظہر دیکھا جا سکے گا اور رات کے آسمان پر ایک دلکش منظر پیش کرے گا۔ مزید دو سپر مونز 5 نومبر اور 5 دسمبر کو بھی آسمان پر جلوہ گر ہوں گے۔ اکتوبر کے سپر مون کے دوران چاند سیارہ زحل کے قریب دکھائی دے گا، جو 6 اور 7 اکتوبر کی شاموں میں چاند کے بائیں جانب نظر آئے گا۔






