کوئٹہ:بلوچستان ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق تمام آئینی درخواستیں خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو جلد از جلد انتخابات مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
دو رکنی بینچ جسٹس اقبال احمد کاسی اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ حلقہ بندیوں کا اختیار آئینی طور پر الیکشن کمیشن کے دائرہ کار میں ہے اور عدالت اس میں مداخلت نہیں کر سکتی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ کسی ووٹر کو حقِ رائے دہی سے محروم کیے جانے کے شواہد نہیں ملے جبکہ درخواست گزار حلقہ بندیوں کے خلاف اعتراضات دائر کرنے میں بھی ناکام رہے۔
عدالت نے 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیوں کے خلاف دلائل مسترد کرتے ہوئے 2023 کے تمام عبوری احکامات واپس لے لیے اور عوامی مفاد میں فوری انتخابات کرانے کی ہدایت دی۔






