سویڈن: کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ نے اس سال طب کے شعبے میں نوبیل انعام پانے والے تین سائنسدانوں کا اعلان کر دیا۔
میری ای برنکوو، فریڈ ریمسڈل اور شمون ساکاگوچی کو پریفرل امیون ٹالرنس (مدافعتی نظام کو جسم کو نقصان پہنچانے سے روکنے والا نظام) کے حوالے سے اہم دریافتوں پر مشترکہ انعام دیا گیا۔
میری ای برنکوو 64 سالہ سیئٹل کے انسٹیٹیو فار سسٹمز بائیولوجی میں سینئر پروگرام منیجر ہیں، فریڈ ریمسڈل 64 سالہ سان فرانسسکو میں سونوما بائیوتھراپیوٹکس میں سائنٹیفک ایڈوائزر کے طور پر فرائض انجام دیتے ہیں، جبکہ 74 سالہ شمون ساکاگوچی جاپان کی اوساکا یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں۔
ان کی تحقیق مدافعتی نظام کے اہم ٹی سیلز کی تربیت پر مرکوز ہے، تاکہ وہ بیکٹیریا، وائرسز اور دیگر نقصاندہ ایجنٹس کو پہچان سکیں۔ نوبیل کمیٹی کے مطابق یہ سلسلہ شمون ساکاگوچی کی 1995 میں ٹی سیلز کی ایک ذیلی قسم (ریگولیٹری ٹی سیلز) کی دریافت سے شروع ہوا، جس کے بعد 2021 میں میری ای برنکوو اور فریڈ ریمسڈل نے Foxp3 نامی جین میں تبدیلی دریافت کی، جو انسانی نایاب آٹو امیون بیماری میں کردار ادا کرتا ہے۔






