صمود فلوٹیلا میں شامل سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 131 افراد اسرائیل کی قید سے رہا

0
856

اسلام آباد: اسرائیلی فورسز نے صمود فلوٹیلا میں شامل جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو رہا کر دیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں سابق سینیٹر کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی ہے کہ مشتاق احمد محفوظ اور صحت مند ہیں اور اس وقت عمان میں پاکستانی سفارتخانے میں موجود ہیں۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ سفارتخانہ مشتاق احمد کی خواہشات اور سہولت کے مطابق ان کی وطن واپسی کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس معاملے میں تعاون کرنے والے تمام دوست ممالک اور وزارتِ خارجہ کے شراکت داروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد صمود فلوٹیلا کے اس قافلے کا حصہ تھے جو غزہ کے محصور عوام تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے روانہ ہوا تھا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی حکام نے مشتاق احمد سمیت فلوٹیلا کے 131 ارکان کو حراست کے بعد ڈی پورٹ کر دیا، جس کے بعد انہیں اردن منتقل کیا گیا۔

اردن کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق تمام ڈی پورٹ شدہ افراد حسین پل کے راستے اردن میں داخل ہوئے تاکہ ان کی محفوظ واپسی کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان نے بتایا کہ ڈی پورٹ ہونے والوں میں بحرین، تیونس، الجزائر، عمان، کویت، لیبیا، پاکستان، ترکیہ، ارجنٹائن، آسٹریلیا، برازیل، کولمبیا، جمہوریہ چیک، جاپان، میکسیکو، نیوزی لینڈ، سربیا، جنوبی افریقہ، سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، امریکا اور یوراگوئے کے شہری شامل ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا