پنجاب کے چھوٹے شہروں میں ترقی کا نیا دور، دسمبر تک 1500 گرین بسیں سڑکوں پر ہوں گی،مریم نواز

0
268

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے چھوٹے شہروں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دسمبر تک پنجاب بھر میں 1500 گرین الیکٹرک بسیں سڑکوں پر دوڑ رہی ہوں گی۔

پاکپتن میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام توقعات سے بڑھ کر کامیاب ہو رہا ہے، جس کے تحت صفائی، سیوریج، صاف پانی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے انقلابی منصوبے جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے چھوٹے شہروں کو بھی بڑے شہروں کے برابر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، الیکٹرک بسوں میں ایئرکنڈیشن، وائی فائی اور خواتین کے لیے علیحدہ نشستوں کی سہولت موجود ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ دسمبر تک 1500 بسیں چلائی جائیں گی جبکہ اپریل اور مئی میں مزید 500 گرین بسیں شامل ہوں گی۔ مریم نواز نے ضلعی افسران کو ہدایت دی کہ تین ماہ کے اندر تمام روٹس پر بس اسٹاپس تعمیر کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ “ہم ہر گاؤں میں 25 کلومیٹر سڑکیں بنا رہے ہیں، گزشتہ سال 20 ہزار کلومیٹر سڑکیں مکمل ہوئیں اور اب اس میں مزید اضافہ کیا جا رہا ہے تاکہ دیہات شہروں سے جڑ جائیں۔”

مریم نواز نے “اپنی چھت اپنا گھر” اسکیم کے تحت 90 ہزار گھروں کی تعمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ پانچ سال میں سات لاکھ خاندانوں کو گھر دیے جائیں گے، جبکہ 14 لاکھ خاندانوں کو راشن کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 1000 بستروں پر مشتمل دنیا کا سب سے بڑا کینسر اسپتال مکمل ہونے کے قریب ہے، جہاں پورے پنجاب کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے 25 اضلاع کو زیرو کرائم زون قرار دیا جا چکا ہے، خواتین اب بلا خوف باہر نکل سکتی ہیں۔ کسانوں کے لیے کسان کارڈ کے تحت بلاسود قرض اور کھاد پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔

آخر میں مریم نواز نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ “جو لوگ ن، م، ش کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہم متحد ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔”

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا