پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی تبدیلی سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی افواہیں پارٹی کو تقسیم کرنے کی سازش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا، من گھڑت خبریں پھیلا کر تحریک انصاف کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کی سختی سے مخالفت کی جاتی ہے۔
بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ ایسی سازشوں کا مقصد پارٹی میں انتشار پیدا کرنا ہے لیکن پی ٹی آئی متحد ہے اور ہر حال میں متحد رہے گی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ علی امین گنڈاپور ہی خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ ہیں، ان کے خلاف پھیلائی جانے والی تمام افواہیں قطعی طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کو توڑنے کی ہر کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا، سچائی اور تنظیمی یکجہتی کے دفاع کے لیے ہم ہر فورم پر اپنا موقف پیش کریں گے۔






