کراچی — جامعہ کراچی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں سوشل ورک ڈپارٹمنٹ کی سیکنڈ ایئر کی طالبہ انیقہ سعید پوائنٹ بس کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق طالبہ بس سے اتر رہی تھیں کہ اسی دوران ڈرائیور نے گاڑی ریورس کی جس کے نتیجے میں انیقہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔
سانحے کے بعد جامعیہ کا ماحول سوگوار ہو گیا اور طلبہ کی بڑی تعداد نے احتجاج کرتے ہوئے واقعے پر شدید ردِعمل کا اظہار کیا۔ طلبہ نے انتظامیہ سے فوری کارروائی اور جامعہ میں ٹریفک کنٹرول کے مؤثر نظام کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کیمپس میں نہ ٹریفک رولز موجود ہیں اور نہ ہی اسپیڈ بریکرز یا سائن بورڈز لگائے گئے ہیں، جس سے طلبہ کی جانیں مسلسل خطرے میں ہیں۔ انہوں نے جاں بحق طالبہ کے اہلخانہ کے لیے مالی امداد اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ مبینہ ٹاؤن پولیس نے پوائنٹ بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ تاہم جاں بحق طالبہ کے اہل خانہ نے قانونی کارروائی سے انکار کرتے ہوئے لاش کی فوری حوالگی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ورثا سے بات چیت جاری ہے اور واقعے کی تفصیلی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔






