خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس 13 اکتوبر صبح 10 بجے طلب کرلیا گیا ہے، جس میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ اس حوالے سے اسمبلی سیکرٹریٹ نے باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
اس اجلاس کو پہلے 20 اکتوبر دوپہر 2 بجے تک ملتوی کیا گیا تھا، تاہم اب نئی تاریخ طے کردی گئی ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب کے تمام مراحل اجلاس میں مکمل کیے جائیں گے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ نے انتخابی شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔ کاغذات نامزدگی 12 اکتوبر سہ پہر 3 بجے تک جمع ہوں گے، جس کے بعد فوری اسکروٹنی ہوگی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست شام 5 بجے جاری کی جائے گی۔
نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب پیر کی صبح 10 بجے شو آف ہینڈ کے ذریعے ہوگا۔
ادھر گورنر فیصل کریم کنڈی نے علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد پیر کو منظوری کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ساتھ ہی پی ٹی آئی نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کردیے ہیں۔





