ایران نے دو فرانسیسی شہریوں کو اسرائیل اور فرانس کے لیے جاسوسی کے الزامات میں سخت سزائیں سنا دی ہیں۔ عدالتی ویب سائٹ میزان کے مطابق ملزمان کے نام ظاہر نہیں کیے گئے، البتہ ان پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔
دونوں افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے فرانسیسی خفیہ اداروں کو ایران کی حساس معلومات فراہم کیں، قومی سلامتی کے خلاف سازش کی اور اسرائیل (صیہونی حکومت) کے ساتھ خفیہ تعاون کیا۔
ایرانی عدلیہ کے مطابق دونوں کو مختلف دفعات کے تحت ایسی سزائیں دی گئی ہیں جن کا مجموعہ طویل قید بنتا ہے۔
ایران اکثر غیر ملکی شہریوں پر جاسوسی کے مقدمات دائر کرتا ہے، تاہم ان کیسز کے شواہد شاذونادر ہی سامنے لائے جاتے ہیں۔
غزہ جنگ کے دوران اسرائیل کی جانب سے ایرانی عسکری اور ایٹمی شخصیات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد ایران نے مبینہ اسرائیلی جاسوسوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی تھیں اور کئی افراد کو سزائے موت بھی دی گئی۔
فرانس نے ایران پر پہلے بھی غیر ملکیوں کو “سیاسی یرغمال” کے طور پر استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے اور حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کی ہے۔






