لاہور میں نجی ٹی وی پروگرام کے دوران اداکارہ سعیدہ امتیاز نے شادی اور رشتوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ارینج میرج سے خوف آتا ہے اور وہ لو پلس ارینج میرج کو ترجیح دیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی شادی پاکستانی مرد کے بجائے کسی غیر ملکی شخص سے ہو، کیونکہ ان کے مطابق پاکستانی مردوں کی بڑی تعداد بے وفائی کرتی ہے جبکہ بیرونِ ممالک کے مردوں میں یہ رجحان نسبتاً کم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بھائی اور بہنیں نیویارک میں رہتے ہیں جہاں دوسری شادی کی اجازت نہیں، اسی لیے وہاں رشتے زیادہ بااعتماد ہوتے ہیں۔
سعیدہ امتیاز نے کہا کہ انہوں نے ایسی کہانیاں بھی سنیں جہاں ایک لڑکی نے اپنی بہن کے منگیتر سے ہی شادی کرلی، اس لیے لڑکیوں کو شادی شدہ مردوں کے بجائے کنوارے لڑکوں سے تعلق قائم کرنا چاہیے تاکہ کسی کا گھر برباد نہ ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اگر کوئی شادی شدہ مرد انہیں پیغام بھیجے تو وہ اسے خبردار کرتی ہیں کہ وہ ان پیغامات کے اسکرین شاٹس اس کی بیوی کو بھیج دیں گی، جس پر وہ مرد فوراً پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔






