اسلام آباد — محکمہ موسمیات نے وضاحت جاری کرتے ہوئے رواں سال پاکستان میں “انتہائی سرد موسمِ سرما” کی گردش کرتی خبروں کی تردید کر دی ہے۔ پی ایم ڈی کے مطابق سوشل میڈیا اور غیر مصدقہ ذرائع سے پھیلائی جانے والی یہ اطلاعات سائنسی بنیادوں سے عاری اور گمراہ کن ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دسمبر 2024 سے فروری 2025 تک کی موسمی پیش گوئی بین الاقوامی موسمیاتی ماڈلز اور عالمی موسمیاتی تنظیم کی تصدیق شدہ معلومات پر مبنی ہے۔ اس پیش گوئی کے تحت ملک کے زیادہ تر حصوں میں درجہ حرارت معمول سے کچھ زیادہ جبکہ بارشیں معمول یا معمول سے کم رہنے کا امکان ہے۔
محکمے نے کہا کہ اگرچہ مغربی ہواؤں کے باعث بعض علاقوں میں سردی کی ایک سے زائد عارضی لہریں آسکتی ہیں، لیکن پورے ملک میں کسی غیر معمولی یا ریکارڈ توڑ سردی کا کوئی سائنسی امکان موجود نہیں۔
ماحولیاتی تجزیوں کے مطابق بحرالکاہل کے استوائی خطے میں اس وقت کمزور یا درمیانے درجے کی “لانینا” کی کیفیت موجود ہے، جو ماضی میں جنوبی اور جنوب مغربی ایشیا بشمول پاکستان میں موسمِ سرما کے نظاموں کی شدت اور تعداد کو کم کرتی رہی ہے۔
لانینا کے اثرات کے باعث مغربی ہواؤں کی سرگرمیوں میں کمی، پہاڑی علاقوں میں برفباری و بارش کی مقدار میں کمی اور میدانوں میں نسبتاً معتدل درجہ حرارت متوقع ہے۔






