اسلام آباد — وفاقی اردو یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ ابلاغ عامہ کے طلباء نے آج پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) اسلام آباد سینٹر کا مطالعاتی دورہ کیا، جس کا مقصد طلباء کو میڈیا انڈسٹری کے عملی پہلوؤں سے روشناس کرانا تھا۔
پی ٹی وی روانگی سے قبل طلباء نے ایچ او ڈی ڈاکٹر فیصل جاوید اور ڈاکٹر شیر جونی سے ملاقات کی۔
اس تعلیمی دورے کی قیادت شعبہ ابلاغ عامہ کے لیکچرر چوہدری محمد رشید سل نے کی، جنہوں نے طلباء کو پورے دورے کے دوران رہنمائی فراہم کی۔ دورے میں دو مختلف ریکارڈنگ سیشنز شامل تھے، جن میں طلباء نے نہ صرف مشاہدہ کیا بلکہ فعال طور پر حصہ بھی لیا۔ انہوں نے پروگرام کے دوران سوالات کیے اور ماہر تجزیہ کاروں سے بھرپور معلومات حاصل کیں۔

طلباء نے پی ٹی وی کے جدید ریکارڈنگ اسٹوڈیوز، پروڈکشن رومز، اور تکنیکی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ٹی وی پروگرامز کی تیاری، اسکرپٹ رائٹنگ، کیمرہ ورک، اور پوسٹ پروڈکشن جیسے اہم مراحل کے بارے میں عملی بصیرت حاصل کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری محمد رشید سل نے کہا کہ اس نوعیت کے مطالعاتی دورے طلباء کو نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ دنیا کے تقاضوں سے بھی آگاہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “یہ دورہ طلباء کے لیے نہایت سودمند ثابت ہوا ہے، جس سے نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ معلومات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ ان کے اعتماد میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔”
طلباء نے بھی اس دورے کو ایک یادگار اور معلوماتی تجربہ قرار دیا، اور کہا کہ اس سے انہیں میڈیا کے عملی میدان میں کام کرنے کی بہتر سمجھ حاصل ہوئی ہے، جو ان کے مستقبل کے کیریئر کے لیے مددگار ثابت ہوگی۔
وفاقی اردو یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغ عامہ کو ہمیشہ سے میڈیا کے میدان میں متحرک کردار ادا کرنے کا اعزاز حاصل رہا ہے، اور اس قسم کے اقدامات سے طلباء کی صلاحیتوں کو مزید جلا ملتی ہے۔






