کرکٹ میں نیا فارمیٹ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ متعارف

0
340

لاہور: کرکٹ میں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے بعد ایک نیا فارمیٹ ’ٹیسٹ ٹوئنٹی‘ متعارف کروا دیا گیا ہے۔

یہ فارمیٹ 16 اکتوبر کو بھارتی اسپورٹس سرمایہ کار گورو بہیروانی کی جانب سے پیش کیا گیا اور اسے کرکٹ کا چوتھا فارمیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریبِ رونمائی ایک آن لائن میٹنگ میں ہوئی جس میں گورو بہیروانی سمیت دیگر عہدیدار شریک تھے۔ اس فارمیٹ میں ٹیسٹ کرکٹ کی حکمت عملی اور ٹی ٹوئنٹی کی رفتار کو یکجا کیا گیا ہے۔

اے بی ڈی ویلیئرز، سر کلائیو لائیڈ اور میتھیو ہیڈن جیسے بڑے نام اس منصوبے کی حمایت کر رہے ہیں۔

اس فارمیٹ میں مجموعی 80 اوورز ہوں گے اور میچ 4 اننگز پر مشتمل ہوگا۔ ہر ٹیم 20 اوورز کی دو اننگز کھیلے گی اور پہلی اننگز کی برتری دوسری میں شامل کی جائے گی۔

اس میں ٹیسٹ کی طرح فالو آن بھی ہوگا جبکہ ٹی ٹوئنٹی کی طرح پاور پلے بھی شامل ہوگا۔ ہر ٹیم 5 بولر استعمال کرسکے گی اور ایک بولر دونوں اننگز ملا کر زیادہ سے زیادہ 8 اوورز کروا سکے گا۔

نو بال اور وائیڈ کے لیے ٹی ٹوئنٹی کے قوانین لاگو ہوں گے اور فری ہٹ بھی دی جائے گی۔

میچ کا نتیجہ جیت، ہار، ٹائی یا ڈرا کی صورت میں نکل سکتا ہے۔ اگر سکور برابر ہو جائے تو سپر اوور کھیلا جائے گا، جبکہ 5 وکٹیں بچا کر اننگز مکمل کرنے پر ٹیم میچ ڈرا کر سکتی ہے۔

ٹیسٹ ٹوئنٹی کا پہلا ایونٹ “جونیئر ٹیسٹ ٹوئنٹی چیمپئن شپ” جنوری 2026 میں ہوگا جس میں 13 سے 19 سال کے کھلاڑی حصہ لیں گے۔

ٹورنامنٹ میں 6 فرنچائزز شامل ہوں گی: تین بھارت سے، ایک دبئی، ایک لندن اور ایک امریکی شہر سے۔ ہر ٹیم میں 16 کھلاڑی ہوں گے جن میں نصف بھارتی اور نصف دیگر ممالک کے ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا