وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ برطانیہ کے لیے قومی ایئرلائن اور ایک نجی ائیرلائن کی منظوری ایک بڑی پیشرفت ہے۔ 25 اکتوبر کو اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے پہلی پرواز روانہ ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ مزید نجی ائیرلائنز بھی برطانیہ کے لیے پروازیں چلانے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی حکومت کے دور میں ایوی ایشن انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچا تھا، تاہم اب امریکا کے لیے براہ راست پروازوں پر بھی مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ جلد اجازت مل جائے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی نجکاری چند ہفتوں میں مکمل ہو جائے گی، جس کے بعد بیٹرے میں نئے جہاز شامل کیے جائیں گے۔ اس کے نتیجے میں چین، یورپ اور مشرقی ممالک کے لیے پروازیں شروع کی جا سکیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نجکاری کی وجہ سے حکومت مزید سرمایہ کاری نہیں کرنا چاہتی، البتہ ریگولیٹری رکاوٹیں ختم کر دی گئی ہیں تاکہ ایوی ایشن سیکٹر میں بہتری لائی جا سکے۔






