اسلام آباد — وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے معاشی محاذ پر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور مہنگائی کی شرح اب سنگل ڈیجٹ میں آ گئی ہے۔
انہوں نے چینی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ معاشی استحکام اور زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے، موجودہ زرمبادلہ ذخائر اڑھائی ماہ کی درآمدات کے لیے کافی ہیں، اور پاکستان کی معاشی کامیابیوں کو عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ تین بڑی بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کی، گزشتہ مالی سال میں ملک کی جی ڈی پی میں 3 فیصد اضافہ ہوا، اور رواں سال 4 فیصد سے زائد کی ترقی کا ہدف تھا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلاب سے کچھ ترقی متاثر ہو سکتی ہے، تاہم توقع ہے کہ رواں مالی سال 3.5 فیصد شرح نمو حاصل کی جائے گی۔ انہوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں اہم پیشرفت کا بھی ذکر کیا اور بیجنگ میں حال ہی میں 24 مشترکہ منصوبوں پر معاہدے ہوئے، جبکہ سرمایہ کاری کے نئے مواقع زیر غور ہیں۔






