اسلام آباد: پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے التواء کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو نئی حلقہ بندیوں کے لیے چار ہفتوں کا وقت دے دیا ہے، جس کے لیے باضابطہ حکمنامہ جاری کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق، پنجاب حکومت نے نئے قانون کے تحت حلقوں کی حدود کے تعین کے لیے چار ہفتے کا وقت مانگا تھا۔ نئے لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کی منظوری کے بعد نئی حلقہ بندی قانونی تقاضا بن گئی ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری پنجاب کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی درخواست پر چار ہفتوں کی مہلت دی گئی ہے، تاہم اگر مقررہ مدت میں کام مکمل نہ ہوا تو معاملہ کمیشن خود دیکھے گا۔
ذرائع کے مطابق، چار ہفتے مکمل ہونے کے بعد معاملہ دوبارہ کمیشن کے سامنے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے گا۔ خط میں پنجاب حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئی حلقہ بندیوں کے لیے تمام ضروری ڈیٹا اور نقشے الیکشن کمیشن کو فراہم کرے۔
ای سی پی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں آئندہ بلدیاتی انتخابات پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2025 کے تحت ہوں گے، جبکہ الیکشن کمیشن نے 9 اکتوبر کو جاری کردہ حلقہ بندی شیڈول واپس لے لیا ہے۔






