اسلام آباد: پولیس لائن اسلام آباد میں ایس پی عدیل اکبر کی نماز جنازہ کے موقع پر میڈیا نمائندوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔ ایک صحافی جب جنازے کی کوریج کے لیے پولیس لائن پہنچا تو گیٹ پر تعینات اہلکاروں نے اسے اندر جانے سے روک دیا۔
ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار نے صحافی سے گفتگو میں کہا کہ آئی جی اسلام آباد کا سخت حکم ہے کہ کسی بھی میڈیا نمائندے کو پولیس لائن میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے۔ اہلکار نے مزید کہا کہ اگر کسی میڈیا اہلکار کو اندر جانے دیا گیا تو اسے اپنی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔
واقعے کے دوران کچھ دیر کے لیے گیٹ پر کشیدگی کی فضا بھی پیدا ہوئی، تاہم بعد ازاں صحافی کو واپس جانا پڑا۔ نماز جنازہ محدود افراد کی موجودگی میں ادا کی گئی۔
ذرائع کے مطابق آئی جی اسلام آباد کی جانب سے میڈیا پر پابندی ممکنہ طور پر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لگائی گئی، تاہم اس بارے میں اب تک کوئی باضابطہ اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔






