شمالی یوکرین کے ایک ریلوے اسٹیشن پر جمعہ کے روز ایک شخص نے کنٹرول شدہ سرحدی علاقے میں دستاویزات کی جانچ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں تین خواتین—ایک سرحدی محافظ اور دو شہری—ہلاک ہو گئیں۔
یوکرین کی بارڈر سروس کے مطابق واقعہ اوورچ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا، جہاں ایک 23 سالہ شخص نے اچانک دھماکہ کیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم حملہ آور بھی ایمبولینس میں دم توڑ گیا۔
یوکرائنی میڈیا کے مطابق حملہ آور نے مبینہ طور پر دستی بم کا استعمال کیا، تاہم وزارتِ داخلہ کے ترجمان نے دھماکہ خیز مواد کی نوعیت کی تصدیق سے گریز کیا۔
سرحدی حکام کے مطابق ملزم کو کچھ روز قبل ریاستی سرحد عبور کرنے کی کوشش پر حراست میں لیا گیا تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔






