ممبئی: بھارت کے معروف اداکار اور مزاحیہ کرداروں کے ذریعے ناظرین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے ستیش شاہ 74 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور علاج کے دوران اسپتال میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ستیش شاہ کافی عرصے سے گردوں کی ناکامی کے باعث ڈائیلیسس پر تھے۔ طبیعت بگڑنے پر انھیں ممبئی کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ممبئی میں پیدا ہونے والے ستیش شاہ نے 1970 کی دہائی میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور اپنی شاندار اداکاری کے باعث 250 سے زائد فلموں اور متعدد ٹی وی ڈراموں میں یادگار کردار نبھائے۔
ان کی مشہور فلموں میں ہم آپ کے ہیں کون، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، میں ہوں ناں، کل ہو نہ ہو اور کبھی خوشی کبھی غم شامل ہیں۔
ستیش شاہ کی مزاحیہ ادکاری نے انہیں گھر گھر میں مقبول بنایا۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ “انہوں نے اسکرین پر قہقہے بکھیرے اور سب کے دل جیتے، مگر آج وہ چہرہ ہمیشہ کے لیے رخصت ہو گیا۔”
یہ بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے دوسرا بڑا سانحہ ہے — چند روز قبل ہی مزاحیہ اداکار اسرانی کے انتقال نے بھی مداحوں کو سوگوار کر دیا تھا۔






