نئی دہلی: بھارت میں جاری آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کے دوران آسٹریلیا کی دو خواتین کرکٹرز کے ساتھ جنسی ہراسانی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، واقعہ 23 اکتوبر کو ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں پیش آیا، جب آسٹریلیا کی دو ویمن کرکٹرز ہوٹل سے کیفے ٹیریا کی جانب جا رہی تھیں۔ اس دوران موٹر سائیکل سوار شخص نے ایک کھلاڑی کو نازیبا انداز میں چھوا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس (کرائم برانچ) راجیش ڈنڈوتیا کے مطابق، آسٹریلوی ٹیم کے سیکیورٹی افسر نے فوری طور پر شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت عقیل کے نام سے ہوئی ہے جو آزاد نگر کا رہائشی ہے۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ حفاظتی اقدامات میں کہاں کمی رہ گئی۔
واقعے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کے قیام پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔






