انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق میچ ریفری کرس براڈ نے آئی سی سی کی بھارت نوازی کا پردہ چاک کردیا۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کو دیے گئے انٹرویو میں کرس براڈ نے بتایا کہ بھارت کے خلاف کوڈ آف کنڈکٹ کے معاملات میں نرمی برتنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ایک میچ میں بھارتی ٹیم چار اوور پیچھے تھی اور سلو اوور ریٹ کا جرمانہ یقینی تھا، مگر مجھے فون پر کہا گیا کہ “ہاتھ ہلکا رکھو، کوئی حل نکالو، کیونکہ یہ بھارت ہے۔”
کرس براڈ کے مطابق اگلے میچ میں سارو گنگولی نے دوبارہ یہی حرکت دہرائی، لیکن اس بار ہدایت ملی کہ صرف گنگولی کو سزا دی جائے، پوری ٹیم کو نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ “آئی سی سی میں بہت سیاست ہے، فیصلے کرکٹ نہیں بلکہ سیاسی دباؤ کو دیکھ کر کیے جاتے ہیں۔ اب سارا پیسہ بھارت کے پاس ہے اور اس نے عملی طور پر آئی سی سی پر قابو پا لیا ہے۔”
کرس براڈ نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ اب میچ آفیشلز کے نظام کا حصہ نہیں، کیونکہ یہ منصب مکمل طور پر سیاسی ہوچکا ہے۔






