لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے مساجد میں اعلانات کیے جائیں۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی کرائے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، اور گھروں، دکانوں، فیکٹریوں، ہوٹلوں اور پیٹرول پمپس کی کرائے پر دینے کی روزانہ رپورٹ طلب کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے پٹواری، نمبردار اور متعلقہ علاقے کے ایس ایچ او کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تمام اضلاع میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف فیلڈ سروے کرانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزٹ ویزے یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر کام کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
حکام نے اجلاس کو بریف کیا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کی شناخت کے لیے چہرے سے شناخت کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ خانیوال میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو پراپرٹی کرائے پر دینے پر پانچ مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔ صوبے کے تمام اضلاع میں افغان شہریوں کے لیے 45 ہولڈنگ سینٹر قائم کیے گئے ہیں، جہاں قیام، طعام اور طورخم بارڈر تک ٹرانسپورٹ فراہم کی جا رہی ہے۔





