غزہ: اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کے حکم کے بعد اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر پر شدید فضائی حملے شروع کر دیے۔
بین الاقوامی خبر ایجنسیوں کے مطابق اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ کے اسپتال کے قریب بمباری کی، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر کے مختلف مقامات پر حملے کیے، جن میں سے ایک میزائل الشفاء اسپتال کے پیچھے گرا۔ حملے کے باعث اسپتال کے اندر مریضوں اور طبی عملے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جب کہ علاقے میں افراتفری اور بھگدڑ مچ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ انتہائی زور دار اور خوفناک تھا، جس سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور دھواں فضا میں بلند ہوگیا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے آج فوج کو غزہ میں فوری اور شدید حملوں کا حکم دیا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی مبینہ خلاف ورزی کے جواب میں کی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی فوجیوں پر حملہ ہوا تھا، جس کے بعد اسرائیلی قیادت نے جوابی کارروائی کا فیصلہ کیا۔






