مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر ہائیکورٹ نے سرکاری ملازمتوں میں شفافیت اور میرٹ کی بحالی کے لیے تھرڈ پارٹی ایکٹ 2021 کو بحال کر دیا۔ عدالتی حکم کے مطابق اب گریڈ 7 سے اوپر کی تمام بھرتیاں این ٹی ایس طرز کے تھرڈ پارٹی ٹیسٹنگ سسٹم کے ذریعے ہوں گی۔
عدالت نے قرار دیا کہ تحریری امتحانات اور انٹرویوز غیر جانبدار ادارہ لے گا تاکہ اقرباپروری اور سیاسی مداخلت کا خاتمہ ہو سکے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ایکٹ کی منسوخی سے میرٹ متاثر ہوا، اس لیے اسے بحال کرنا ضروری تھا۔
2021 میں منظور ہونے والا یہ قانون پی ٹی آئی حکومت نے 2023 میں منسوخ کر دیا تھا جس کے باعث کئی بھرتیوں پر سوالات اٹھے۔ عدالت کے نئے فیصلے کے بعد آزاد کشمیر میں گریڈ 7 سے اوپر تمام پوسٹوں کے لیے میرٹ لسٹ اور ٹیسٹ لازمی ہوگیا ہے۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے اس فیصلے کو شفافیت کے فروغ اور میرٹ کی جیت قرار دیا ہے۔





