پاکستان نے افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے استنبول مذاکرات سے متعلق بیان کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق افغان ترجمان نے مذاکرات کے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔ پاکستان نے مذاکرات کے دوران افغان سرزمین پر موجود دہشت گردوں کی گرفتاری کا واضح مطالبہ کیا تھا، جس پر افغان فریق کے دعوے کے جواب میں پاکستان نے فوری طور پر تحویل کی پیشکش بھی کی۔
وزارت اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردوں کی حوالگی سرحدی انٹری پوائنٹس کے ذریعے ممکن ہے اور پاکستان کا مؤقف ہمیشہ سے واضح اور ریکارڈ پر موجود ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ افغانستان کی جانب سے جھوٹے دعوے حقائق کے منافی ہیں۔






