پی ٹی آئی کا پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

0
398

لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں کے مطابق آئینی درخواست پیر کے روز دائر کی جائے گی، جب کہ اس حوالے سے اعتراضات اور اعلامیہ اعلیٰ حکام کو ارسال کیا جا چکا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما اعجاز شفیع کا کہنا ہے کہ قانونی ماہرین کی مدد سے تیار کردہ تفصیلی اعتراضات حکومت کو بھجوائے گئے ہیں۔ ان کے مطابق بل کی مختلف شقیں آئین کے آرٹیکلز 17، 32 اور 140-اے سے متصادم ہیں۔

پی ٹی آئی نے غیر جماعتی اور ’’ایک ووٹ ملٹی ممبر یونین کونسل‘‘ ماڈل کو سیاسی جماعتوں کے کردار کے خلاف قرار دیا ہے، جبکہ بلدیاتی اداروں کے انتظامی و مالی اختیارات کو افسران کے کنٹرول میں دینے کو بھی غیر آئینی قرار دیا گیا ہے۔ اعتراضات میں ایڈمنسٹریٹرز کی غیر معینہ مدت تک تعیناتی کو بھی چیلنج کیا گیا ہے۔

رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ یونین کونسل چیئرمین کے براہِ راست انتخاب کی بحالی، اداروں کی پانچ سالہ مدت کا تعین اور واضح انتخابی شیڈول جاری کیا جائے۔ ساتھ ہی ایگزیکٹو مداخلت کم کرنے اور ایڈمنسٹریٹرز کے اختیارات محدود کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

اعجاز شفیع کے مطابق پیر کو لاہور ہائی کورٹ میں حکمِ امتناع کی درخواست بھی دائر کی جائے گی، جس میں متنازع شقوں پر عملدرآمد روکنے کی استدعا کی جائے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا