اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے اتحاد کے صدر محمود خان اچکزئی اور سینیٹر علامہ راجا ناصر عباس کو حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا اختیار دے دیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ عمران خان نے پی ٹی آئی کے تمام رہنماؤں کو حکومت اور اسٹیبلشمنٹ سے کسی بھی قسم کے رابطوں سے روک دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ اگر حکومت یا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کرنا ہوں تو وہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس سے کریں۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب عمران خان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ فارم 47 یا اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی، اور اگر بات چیت ہو گی تو وہ صرف محمود خان اچکزئی کے ذریعے ہو گی کیونکہ وہ اتحاد کے سربراہ ہیں۔






