لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے ہائی کورٹ کے حکم پر تمام مارکیٹوں کے اوقات کار تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو 2023 کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انسداد اسموگ اقدامات کے تحت اب پیر سے ہفتہ تک مارکیٹیں رات دس بجے بند ہوں گی جبکہ ریسٹورنٹ اور کیفے رات گیارہ بجے تک کھلے رہ سکیں گے۔ اتوار کو مارکیٹیں دوپہر دو بجے سے رات دس بجے تک کھلیں گی اور ہوم ڈیلیوری کے لیے رات دو بجے تک اجازت ہوگی۔
میڈیکل اسٹورز، بیکریز، تندور، دودھ کی دکانوں، اسپتالوں، لیبارٹریز، پٹرول پمپ اور پنکچر شاپس کو نئے اوقات کار سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ نئے اوقات کار کی پابندی لازمی ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں دکانیں، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس سیل کیے جائیں گے اور بھاری جرمانے بھی عائد ہوں گے۔






