بیروت: اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے کے باوجود جنوبی لبنان میں بمباری کی، جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
لبنان کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملہ ضلع طائر کے قصبے برج رحل میں ہوا، جہاں ایک کار تباہ ہوئی۔ حملے کی وجہ سے اسکول کے بچوں میں خوف و ہراس پھیلا اور والدین اسکول پہنچ گئے۔
یاد رہے کہ اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی 27 نومبر 2024 کو ہوئی تھی، لیکن اسرائیلی فورسز اب بھی جنوبی لبنان کے پانچ مقامات پر تعینات ہیں اور حزب اللہ کے ٹھکانوں اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
رواں ہفتے کے شروع میں بھی جنوبی لبنان میں حملوں میں سات لبنانی شہید ہوئے، جبکہ ایک روز قبل نباتیہ میں چار افراد شہید ہوئے تھے۔






