وانا: پاک فوج نے خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے مساجد کی شکل میں مقدس تحفہ پیش کیا ہے۔
جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں سپن مسجد کی تعمیر جولائی 2021 میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (ساؤتھ) کے تعاون سے کی گئی۔ مسجد کا وسیع صحن اور خوبصورت ہال بیک وقت پانچ ہزار سے زائد نمازیوں کی گنجائش رکھتا ہے۔
امام مسجد نے بتایا کہ سپن مسجد میں دور دراز علاقوں سے بچے دینی و دنیاوی تعلیم حاصل کرنے آتے ہیں، جبکہ جنوبی وزیرستان کے عوام نے پاک فوج اور ایف سی کا شکریہ ادا کیا کہ اتنی خوبصورت مسجد بنائی گئی۔
پاک فوج کی جانب سے سابقہ فاٹا میں متعدد مساجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش کی گئی ہے۔ ضلع باجوڑ میں دہشت گردی سے تباہ شدہ مسجد سلیمان خیل اور مسجد اعراب کی بحالی ایف سی کے پی (نارتھ) نے مکمل کی۔
یونیورسٹی آف مالاکنڈ میں طلبہ کی درخواست پر جامع مسجد فاروقِ اعظم کی تعمیر اور تزئین و آرائش کی گئی۔ شمالی و جنوبی وزیرستان کے میر علی، سراروغہ، لدھا اور مکین میں بھی متعدد مساجد کی بحالی کے منصوبے مکمل ہوئے۔
مساجد کی تعمیر اور تزئین و آرائش سے عوام اور افواج پاکستان کے درمیان ہم آہنگی اور بھائی چارہ مزید فروغ پایا ہے۔






