میلبرن — آسٹریلیا کے میلبرن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک مسافر اُس وقت جھلس گیا جب اس کی جیب میں رکھا لیتھیئم پاور بینک اچانک پھٹ گیا اور آگ بھڑک اٹھی۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ قانتس ایئرلائن کے بزنس لاؤنج میں پیش آیا، جہاں پاور بینک میں حرارت بڑھنے کے باعث اچانک آگ لگ گئی۔ دھواں پھیلنے پر لاؤنج میں موجود تقریباً 150 افراد کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عملے نے متاثرہ شخص کو فوری طور پر شاور روم لے جا کر آگ بجھائی، جس کے بعد طبی ٹیم نے ابتدائی امداد فراہم کی۔ زخمی مسافر کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
قانتس ایئرلائن نے واقعے کے بعد پاور بینک اور لیتھیئم بیٹریز سے متعلق اپنی پالیسی کے ازسرِنو جائزے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ جلد نئی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ کئی بین الاقوامی ایئرلائنز پاور بینک کے استعمال اور ان کی گنجائش سے متعلق سخت پابندیاں پہلے ہی نافذ کر چکی ہیں۔






