خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں: 20 دہشت گرد ہلاک

0
418

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے 8 اور 9 نومبر کو دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 20 خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پہلی کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس میں 8 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دوسری کارروائی درہ آدم خیل میں کی گئی، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 12 خوارج مارے گئے۔
علاقوں میں مزید دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے اور ملک کو غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا خراج تحسین

وزیراعظم شہباز شریف نے شوال اور درہ آدم خیل میں کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے 20 دہشت گردوں کے خاتمے کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز ملک کے دفاع میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی ہیں۔
وزیراعظم نے عزم کا اظہار کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا ردعمل

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی خیبرپختونخوا میں بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ فورسز نے بروقت اور بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی بہادری قابل فخر ہے اور خیبرپختونخوا میں امن کے قیام کے لیے فورسز پُرعزم ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا