اسلام آباد: سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے سینیٹ کی اپنی نشست سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ پاک فوج اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے احترام میں دیا۔
سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سیف اللہ ابڑو کا کہنا تھا کہ “بھارت کو پاک فوج نے شکست دی، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو دنیا نے عزت دی ہے، انہی کی وجہ سے میں نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنی نشست سے استعفیٰ دے رہے ہیں اور انہیں ڈی نوٹیفائی کر دیا جائے۔
سیف اللہ ابڑو نے پارٹی پالیسی کے خلاف 27ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ ڈالا تھا۔ وہ 2021ء میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سندھ سے سینیٹر منتخب ہوئے تھے، جن کی مدت مارچ 2027ء تک تھی۔






