لاہور ہائیکورٹ نے شہر میں درخت کاٹنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے درختوں کے تحفظ سے متعلق سخت ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے یہ فیصلہ اس وقت دیا جب ایک نجی بیکری کے باہر درخت کاٹنے کے معاملے پر انتظامیہ سے وضاحت طلب کی گئی۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وکیل اس بات کو یقینی بنائیں کہ درخت نہ کاٹنے کے عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد ہو۔
سماعت کے دوران موٹر وے پولیس نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ای پی اے (ماحولیاتی تحفظ ایجنسی) کے ساتھ معاہدہ ہو چکا ہے، جبکہ موٹر وے پر گاڑیوں کی چیکنگ کے لیے پوائنٹس مقرر کیے گئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ ان چیکنگ پوائنٹس پر گاڑیوں کا معائنہ کیا جائے گا، اور عملے کی ڈیوٹیوں کا روسٹر بھی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
پی ایچ اے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ غالب مارکیٹ میں پارک کی تعمیر کا کام فی الحال روک دیا گیا ہے۔
عدالت نے پارک سے متعلق معاہدہ اور دیگر دستاویزات پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
جسٹس شاہد کریم نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔






