اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے التوا پر الیکشن کمیشن کا فیصلہ محفوظ

0
344

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ نذر محمد بزدار اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا پیش ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ “اب بات چیف افسر تک پہنچ گئی ہے”، جس پر ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ نے بتایا کہ سیکریٹری داخلہ ہائیکورٹ میں ہیں اور کچھ دیر میں پیش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے یونین کونسلز کی تعداد بڑھائے جانے کے باعث انتخابات ملتوی کیے گئے تھے۔

الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری نے بتایا کہ پہلے مخصوص نشستوں کے باعث انتخابی شیڈول جاری نہیں کیا جا سکا، تاہم اب تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جن میں انتخابی مواد اور حلقہ بندیاں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاملہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت رہا اور اب عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اب الیکشن کمیشن انتخابی تاریخ کا اعلان کرے گا، کمیشن پر کوئی پابندی نہیں کہ صرف سیکریٹری یونین کونسلز کے ذریعے ہی الیکشن کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ تین صوبوں میں انتخابات ہو چکے ہیں، پنجاب میں بھی جلد انتخابات ہوں گے کیونکہ وہاں معاملہ حل ہو چکا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ “اسلام آباد میں تاحال مقامی حکومت کا قیام نہیں ہو سکا، اب کمیشن فیصلہ کرے گا اور اس پر عملدرآمد کرنا پڑے گا۔”
ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کو آگاہ کیا جا سکتا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “یہ مذاق نہیں کہ ہر بار انتخابات ملتوی کیے جائیں، ہم نے لحاظ کیا ہے کہ کسی کو ان پرسن نہیں بلایا، مگر اب فیصلہ جاری کریں گے۔”

اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے التوا کے معاملے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا