اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس کے کے آغا نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب اسلام آباد ہائیکورٹ میں منعقد ہوئی، جہاں آئینی عدالت کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے جسٹس کے کے آغا سے حلف لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب میں وفاقی آئینی عدالت کے ججز جسٹس عامر فاروق، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس علی باقر نجفی نے شرکت کی، جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز جسٹس ارباب محمد طاہر، جسٹس محمد اعظم خان، جسٹس انعام امین منہاس، جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف بھی موجود تھے۔ بار ایسوسی ایشنز کے نمائندے بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
یاد رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد وفاقی آئینی عدالت کا قیام عمل میں آیا ہے، جس کے سربراہ کے طور پر جسٹس امین الدین خان پہلے ہی حلف اٹھا چکے ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز جسٹس عامر فاروق، جسٹس حسن اظہر رضوی اور جسٹس علی باقر نجفی کو ججز کے طور پر حلف دلایا تھا۔






