شہباز شریف سے امریکی سکھ تنظیم کے صدر کی ملاقات

0
468

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم سکھ برادری کی تنظیم کے صدر جسدیپ سنگھ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ اور پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت ساجد تارڑ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے جسدیپ سنگھ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں سکھ برادری کے متعدد مقدس مذہبی مقامات موجود ہیں، جہاں دنیا بھر سے سکھ یاتری مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے آتے ہیں اور پاکستان ان کی بھرپور مہمان نوازی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سکھ برادری کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور گردواروں کی دیکھ بھال و انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان میں مقیم سکھ برادری کی فلاح و بہبود اور بیرون ملک سے آنے والے یاتریوں کے لیے سہولیات میں اضافے کے لیے نئی حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔

وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ملک کی ترقی، خوشحالی اور عالمی سطح پر اس کی پہچان کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

جسدیپ سنگھ نے پاکستان میں ان کی میزبانی اور سکھ یاتریوں کے لیے دستیاب سہولیات پر وزیراعظم اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا