اسلام آباد: صدر مملکت اور ملک کی سرکاری جامعات کے چانسلر آصف علی زرداری نے وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈپٹی چیئر سینیٹ جمیل احمد خان کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے بدھ کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ یہ اقدام آرڈیننس کے سیکشن 10(4) کے تحت کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن ایوان صدر کے ڈائریکٹر جنرل ایڈمن، کیپٹن (ر) فرید الدین مصطفیٰ کی جانب سے جاری کیا گیا۔
واضح رہے کہ اردو یونیورسٹی کی سینیٹ کا حال ہی میں کراچی میں اجلاس ہوا تھا، جس میں وائس چانسلر کی تنخواہ کی متنازعہ فکسیشن، رجسٹرار، ناظم مالیات اور ناظم امتحانات کی تقرری سمیت دیگر اہم فیصلے کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق، ہٹائے گئے ڈپٹی چیئر سینیٹ ایک سابق وائس چانسلر کو میریٹوریس پروفیسر بنانے کے معاملے میں خاص دلچسپی رکھتے تھے۔
سینیٹ یونیورسٹی کا سب سے بااختیار اور فیصلہ ساز ادارہ ہے، اور ڈپٹی چیئر سینیٹ میں خود صدر مملکت کی نمائندگی کی جاتی ہے۔






