راولپنڈی: ایجوکیشن بورڈ راولپنڈی نے میٹرک کے ضمنی امتحانات کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔
کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان کے مطابق ضمنی امتحانات کا شفاف انعقاد بورڈ کی انتھک محنت اور موثر انتظامات کا مظہر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کل 23,007 میں سے 22,865 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے، جن میں سے 7,383 امیدوار کامیاب قرار پائے۔ کامیابی کا مجموعی تناسب 32.31 فیصد رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق 15,427 امیدوار ناکام ہوئے، 93 غیر حاضر رہے جبکہ 49 امیدواروں کے داخلہ فارم منسوخ کیے گئے۔ امتحانات میں 14,705 طلبہ اور 8,160 طالبات نے حصہ لیا۔
کنٹرولر امتحانات کا کہنا تھا کہ نتائج جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے تحت تیار کیے گئے، جبکہ بروقت نتائج بورڈ کی شفاف پالیسیوں اور بہتر گورننس کا ثبوت ہیں۔






