سپریم کورٹ میں جج کی تعیناتی اور دو ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز کی تقرری سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے تین اہم اجلاس 2 دسمبر کو طلب کر لیے گئے ہیں۔
یہ اجلاس چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں ہوں گے اور 27 ویں آئینی ترمیم کے بعد اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں سے متعلق جوڈیشل کمیشن کا پہلا باضابطہ اجلاس ہوں گے۔
پہلے اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری پر غور کیا جائے گا، جس کے لیے عدالت عالیہ سندھ کے پہلے تین سینئر ججوں کے نام پیش کیے جائیں گے۔
دوسرے اجلاس میں بلوچستان ہائی کورٹ کے مستقل چیف جسٹس کی تقرری کا معاملہ زیر غور آئے گا، جہاں بلوچستان ہائی کورٹ کے تین سینئر ترین ججوں کے ناموں کا جائزہ لیا جائے گا۔
تیسرے اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے سپریم کورٹ میں ایک جج کی تعیناتی پر غور کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کے نام زیرِ غور ہوں گے۔






