پنجاب میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں 13 حلقوں میں انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوگی جبکہ پولنگ 23 نومبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 اور صوبائی اسمبلی کی 7 نشستوں پر ووٹنگ ہوگی۔
قومی اسمبلی کے حلقوں میں ہری پور این اے 18، فیصل آباد کے دو حلقے این اے 104 اور 96، این اے 129 لاہور، این اے 143 سرگودھا اور این اے 185 ڈی جی خان شامل ہیں۔ صوبائی اسمبلی کے 7 حلقوں میں پی پی ساہیوال 203، مظفرگڑھ 269، سرگودھا پی پی 73، میانوالی پی پی 87 اور فیصل آباد کے تین حلقے 15، 98 اور 116 شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی تیاری مکمل کر لی ہے اور بیلٹ پیپرز سمیت دیگر سامان کل صبح ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے پولنگ اسٹیشنز منتقل کیا جائے گا۔ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جس کے لیے فوج، رینجرز اور ایف سی کو ڈیوٹی پر طلب کیا گیا ہے۔ پولنگ رومز میں بھی خصوصی نفری تعینات ہوگی تاکہ ووٹرز کا محفوظ ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کوڈ آف کنڈکٹ کی مکمل پابندی کریں، کیونکہ انتخابی مہم ختم ہونے کے بعد کسی بھی قسم کی سرگرمی کی اجازت نہیں ہوگی۔





