اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فوجی دستے 22 سے 24 نومبر تک انتخابی حلقوں میں موجود رہیں گے اور ریزرو فورس کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں گے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق ہری پور (این اے 18)، فیصل آباد (این اے 96 اور این اے 104)، لاہور (این اے 129)، سرگودھا (این اے 143) اور ڈیرہ غازی خان (این اے 185) سمیت متعدد حلقوں میں 23 نومبر کو ہونے والی پولنگ کے دوران فوج تعینات رہے گی۔
انتظامیہ کے مطابق فوج کی موجودگی کا مقصد انتخابی عمل کو پرامن، شفاف اور محفوظ بنانا ہے۔ پولنگ اسٹیشنز کے اطراف سکیورٹی مزید سخت ہو گی جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوج ریسکیو فورس کے طور پر کارروائی کرے گی۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے فوج کی تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کے لیے ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنا اولین ترجیح ہے۔






