لکی مروت: خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے دو کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلی کارروائی ضلع لکی مروت کے علاقے پہاڑ خیل میں کی گئی، جہاں خفیہ اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ کیا، جس میں 10 دہشت گرد مارے گئے اور اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
دوسری کارروائی ڈیرہ اسماعیل خان میں ہوئی، جس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سینیٹائزیشن آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں کے ممکنہ ٹھکانے ختم کیے جا سکیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں گے۔






