دبئی: دبئی ائیر شو کے دوران بھارت کے جنگی طیارہ تیجس کے گر کر تباہ ہونے کے بعد بھارتی شہریوں نے اپنی فضائیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے ائیر چیف کے استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
جمعہ کو ہونے والے حادثے میں طیارہ ایروبیٹک اسٹنٹ کے دوران گر کر تباہ ہوا اور پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ بھارتی ائیر فورس نے تصدیق کی کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 10 منٹ پر گر گیا، جبکہ حادثے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے۔
حادثے سے قبل دبئی ائیر شو میں طیارے کے فیول ٹینک سے تیل لیک ہونے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے بھارتی فضائیہ اور ائیر چیف کی قیادت پر شدید سوالات اٹھائے۔
انوشی تیواری نامی صارف نے کہا کہ یہ بھارت کے لیے عالمی سطح پر بہت بڑی توہین ہے اور ائیر چیف کو فوراً ہٹایا جانا چاہیے، جبکہ تیجسوی پراکاش نے پائلٹس کی تربیت اور تکنیکی تیاری پر سوالات اٹھائے۔
یہ تیجس طیارے کا دو سال سے بھی کم عرصے میں دوسرا حادثہ ہے، مارچ 2024 میں بھی یہ طیارہ راجستھان کے شہر جیسلمیر میں گر کر تباہ ہوا تھا۔






