ویٹی کن نے اعلان کیا ہے کہ پوپ لیو نے اسپین کے کیتھولک بشپ رافیل زورنوزا کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔
رافیل زورنوزا پر ایک مبینہ جنسی زیادتی کے کیس میں تفتیش جاری تھی، جس کا دائرہ میڈرڈ میں ویٹی کن کے سفارت خانے کے خصوصی ٹریبونل تک محدود ہے۔ الزامات کے مطابق انہوں نے 1990 کی دہائی میں ایک نوعمر لڑکے کے ساتھ بدفعلی کی، تاہم وہ ان الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔
زورنوزا 2011 سے اسپین کے جنوبی ساحلی علاقے ڈایوسِس آف کادیز و سَیوٹا کے بشپ ہیں اور وہ اسپین کے پہلے کیتھولک بشپ ہیں جن کے خلاف ویٹی کن کی جانب سے سرکاری سطح پر تفتیش کی گئی۔
ویٹی کن کی مختصر پریس ریلیز میں صرف استعفیٰ کی منظوری کا ذکر کیا گیا، الزامات کا حوالہ نہیں دیا گیا۔ زورنوزا کی عمر 76 سال ہے، جو کیتھولک بشپس کی روایتی ریٹائرمنٹ عمر 75 سال سے ایک سال زیادہ ہے۔






