صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کی تحصیل کندھ کوٹ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں انڈس ہائی وے کے قریب گولہ پھٹنے سے 4 بچے جاں بحق ہو گئے، جبکہ 2 دیگر بچے زخمی ہو گئے ہیں۔
ڈی ایس پی کندھ کوٹ ایاز علی کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچے مویشی چراتے ہوئے جنگل میں ایک زنگ آلود راکٹ لانچر کا گولہ تلاش کر کے کھیلنے لگے۔ بچوں نے گولے کو ناکارہ سمجھا اور اس کے ساتھ کھیلنے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں گولہ اچانک پھٹ گیا۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں 8 سے 10 سال کے درمیان تھیں اور وہ ایک ہی قبیلے سے تعلق رکھتے تھے۔ زخمی بچوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کر کے سرچنگ کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ مزید گولے یا خطرناک مواد کو برآمد کیا جا سکے۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسی غیر معمولی چیزوں کو ہاتھ نہ لگائیں اور فوری طور پر حکام کو اطلاع دیں۔






