کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے بیرون ملک موجود کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دہشت گرد نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے سخت اور غیرمعمولی اقدامات کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں کالعدم تنظیموں کی بیرون ملک قیادت کے مقامی سہولت کاروں سے رابطوں، کال ریکارڈنگز اور دیگر شواہد پیش کیے گئے۔ صوبائی حکومت نے کالعدم بی ایل اے، بی ایل ایف، یو بی اے، بی آر جی اور لشکر بلوچستان کی قیادت کے خلاف درج مقدمات کی پراسیکیوشن تیز کرنے کی ہدایت دی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ اور خارجہ کی مدد سے انٹرپول کے ذریعے ریڈ نوٹسز پر کارروائی بھی تیز کی جائے گی۔ کارروائی دہشت گردوں کیخلاف صوبائی ایکشن پلان کے تحت عمل میں لائی جائے گی اور مقامی سہولت کاروں سمیت کالعدم تنظیموں کی قیادت کو نشانہ بنایا جائے گا۔






