لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترامیم کے خلاف دائر درخواست کو واپس لینے پر نمٹا دیا۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار کے دلائل سننے کے بعد کہا کہ حکومت نے قانون بنا دیا ہے اور شہریوں کو اس پر عمل کرنا چاہیے۔
درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ کم عمر بچوں پر بھاری جرمانے اور ایف آئی آر کے لیے کی گئی ترامیم کالعدم قرار دی جائیں، لیکن عدالت نے کہا کہ جرمانے اس لیے زیادہ رکھے گئے ہیں تاکہ شہری قوانین کی خلاف ورزی سے باز رہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹریفک کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے ہوتے ہیں، اور والدین بھی بچوں کی حفاظت کے لیے ذمہ داری نبھائیں۔ عدالت نے درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے مقدمہ نمٹا دیا۔






