ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں،وزیراعظم

0
139

اسلام آباد(طلوع نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہےکہ ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر میں کسی قسم کا تعطل قبول نہیں،ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،

حکومت بلوچستان میں سی پیک کےترقیاتی منصوبوں پرترجیحی بنیادوں پرکام کررہی ہے،حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور لیپ ٹاپس فراہم کرے گی، ترقیاتی منصوبوں کی معینہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔

وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں جاری بڑے ترقیاتی منصوبوں پر جائزہ اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ، سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی، ڈی جی ایف ڈبلیو او، ڈی جی این ایل سی، چیئرمین سی ڈی اے اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعمیراتی کام کی خود نگرانی کرکے معیار کو یقینی بنائیں،ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی لینڈ اسکیپنگ کرتے وقت بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے۔اجلاس کو سی ڈی اے کے اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

قبل ازیں جمعہ کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جعفر خان مندوخیل کی زیر قیادت مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے 8 رکنی وفد نے ملاقات کی۔وفد میں جمال شاہ کاکڑ، سردار یعقوب ناصر، آغا شاہ زیب درانی، عامر افضل مندوخیل، چوہدری نعیم، نصیر اچکزئی اور ظہیر خان کاکڑ شامل تھے۔ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی

۔وفد نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں بلوچستان کے لیے خصوصی منصوبے شامل کرنے پر وزیراعظم سے اظہار تشکرکیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی بلوچستان کی ترقی سے مشروط ہے،حکومت بلوچستان میں سی پیک کے ترقیاتی منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے،بلوچستان کا اصل اثاثہ باصلاحیت بلوچ نوجوان ہیں،حکومت بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور لیپ ٹاپس فراہم کرے گی۔

دریں اثناءپاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ جنرل کونسل کا اجلاس متعدد بار اس لیے موخر کرایا کہ نوازشریف وطن واپس آئیں تو میں امانت ان کے حوالے کروں، مجھے یہ جو ذمہ داری دی گئی ہے وہ نوازشریف کی امانت ہے، الیکشن کمیشن کی تلوار لٹک رہی تھی اس لیے آج اجلاس منعقد کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ مریم نواز باہمت خاتون ہے، دن رات محنت کر رہی ہے اور مشکل حالات کا مقابلہ کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان آئیں گے تو سیاسی نقشہ بدل جائے گا، نواز شریف نے ملک سے اندھیرے ختم کئے، ملک میں موٹرویز بنائیں، اتحادی حکومت کو ہم سب مل کر چلا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں اب نوجوان لیڈر شپ کی ضرورت ہے، اسحاق ڈار دن رات محنت کر رہے ہیں،بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف دیا گیا، سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا گیا، پاکستانی قوم نے بڑی بڑی مشکلات کا سامنا کیا ہے، ملک جلد ترقی کے راستے پر گامزن ہو گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف دور میں پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا تھا، نواز شریف پاکستان کا معمار ہے، وہ چوتھی بار پاکستان کے وزیراعظم بنیں گے، نواز شریف کی قیادرت میں ملک ترقی کرے گا، پاکستان کے عوام نے گھبرانا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے آج بھی ہمارے سینگ پھنسے ہوئے ہیں، اسحاق ڈار کی ٹانگیں کھینچنے والوں کا پارٹی میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک شخص نے عوام کے ذہن میں ہمارے لیے زہر گھول دیا، نواز شریف نے کشمیر کے بارے میں جامع پالیسی بنائی تھی، پاکستان کا بچہ بچہ کٹ سکتا ہے لیکن کشمیر پر سودا نہیں ہو سکتا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا