فلیٹ سے 3 خواتین کی لاشیں برآمد

0
204

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں حرمین رائل ریزیڈنسی کے ایک فلیٹ سے تین خواتین کی لاشیں ملنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے کی اطلاع فلیٹ میں موجود جاں بحق خاتون کے بیٹے نے پولیس کو دی، جس کے بعد پولیس، کرائم سین یونٹ اور دیگر افسران فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔

چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 52 سالہ ثمینہ، 22 سالہ ماہا اور 19 سالہ ثمرین کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ 30 سالہ یاسین شدید زخمی حالت میں ملا، جس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں خواتین آپس میں ماں، بیٹی اور بہو ہیں۔

ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ نے بتایا کہ ایک خاتون کی لاش کئی دن پرانی محسوس ہوتی ہے، جبکہ باقی دو لاشیں چند گھنٹے پرانی ہیں۔ ابتدائی طور پر شبہ ہے کہ موت کسی زہریلی شے کے استعمال سے ہوئی، تاہم موقع سے ابھی تک ایسے شواہد نہیں مل سکے جو یقینی طور پر وجہ موت کی تصدیق کریں۔

لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے بعد پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جس کی رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔ پولیس کے مطابق یہ خاندان کچھ عرصہ قبل رینچھور لائن سے گلشن اقبال منتقل ہوا تھا جبکہ گھر کے سربراہ کی ذہنی حالت بھی بہتر نہیں بتائی جاتی۔

دوسری جانب رہائشی عمارت کی انتظامیہ نے میڈیا کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ پولیس واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش کر رہی ہے اور مزید شواہد اکھٹے کیے جا رہے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا